ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگر کشمیر کے حالات ٹھیک ہیں تو الیکشن کا انعقاد کیوں نہیں ہوتا: عمر عبداللہ

اگر کشمیر کے حالات ٹھیک ہیں تو الیکشن کا انعقاد کیوں نہیں ہوتا: عمر عبداللہ

Mon, 17 Jul 2023 08:13:16    S.O. News Service

سری نگر، 17/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں جو واقعات پیش آرہے ہیں ان سے لگتا ہے کہ حکومت کے یہاں حالات ٹھیک ہونے کے دعوے غلط ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں آج ایسے علاقوں میں ملی ٹنسی دیکھنے کو ملتی ہے جن کو ملی ٹنسی سے صاف کر دیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات ٹھیک ہیں تو انتخابات کا انعقاد کیوں نہیں کیا جا رہا ہے۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو رام بن میں میڈیا سے بات کرنے کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ اگر حالات ٹھیک ہیں تو یہاں الیکشن کیوں نہیں ہو رہے ہیں بڑے بڑے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن زمینی سطح پر جو واقعات شوپیاِں، راجوری، پونچھ میں پیش آ رہے ہیں ان سے لگتا ہے کہ یہ دعوے غلط ہیں۔ گذشتہ دنوں شاہ فیصل کی جانب سے دفعہ 370 کو چیلنج کرنے والی درخواست واپس لینے کے بارے میں پوچھے جانے پر عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے، نہ انہیں درخواست دائر کرنے پر کسی نے مجبور کیا اور نہ ہی درخواست واپس لینے پر۔

قومی سطح پر اپوزیشن کے اتحاد سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر نے کہا کہ اپوزیشن کی طاقت کا فیصلہ انتخابات میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے یہاں اسمبلی انتخابات منعقد نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ 10 سیٹیں بھی نہیں جیت پائیں گے۔ عمر نے مزید کہا کہ انتخاب جمہوری حق ہے،لیکن بی جے پی انتخابات ہارنے کے خدشات کے پیش نظر جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرانے کے موڑ میں نہیں ہے۔


Share: